اسرائیلی بمباری ،غزہ شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر اہلخانہ سمیت شہید
غزہ: جبالیا میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عبدالحیی مرسی اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے۔
باغی ٹی وی: شہری دفاع کے ترجمان نے اسرائیلی حملے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر کو ہدف بنا کر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کے اہل خانہ بھی شہید ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق صیہونی افواج کے حملوں میں اب تک شہری دفاع کے 83 اہلکار شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ جنوبی لبنان میں بھی 3 ایمرجنسی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قید میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوا،اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں یرغمالیوں کے اہل خانہ سمیت لاکھوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے،یرغمالیوں کے اہل خانہ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے حماس کے ساتھ جنگ بندی کا مطالبہ دُہرایا۔
مظاہرین نے نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کرسی بچانے کے لیے یرغمالیوں کی جانیں داؤ پر لگائی جارہی ہیں۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی نئی تجویز کو حتمی شکل دینے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم حکام کو ان تجاویز کی منظوری کی زیادہ امید نہیں ہے اور ابھی اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا کہ انہیں کب منظر عام پر لایا جائے گا۔