اسلام آباد: آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی نے ہنگور آبدوز پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگ لیو بیس پر لانچ کر دیا گیا ہے، غازی کی لانچنگ کے بعد چین میں زیر تکمیل چاروں ہنگور آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہیں-
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’’غازی‘‘ کی لانچنگ چین کی ووہان بندرگاہ پر ایک پر وقار تقریب میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام شریک تھے آبدوز غازی کی آمد سے پاک بحریہ نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ہے جو چین میں تیار کی گئی جبکہ چاروں ہنگور آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ ہوا ہے۔ جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں اور باقی چار پاکستان میں تیار کی جائیں گی،ہنگور کلاس کی یہ آبدوزیں جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہیں، اور طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔








