ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر، جواد اکبر) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں "جشن ولادت باسعادت مبارک” کے موقع پر نظامتِ امورِ طلباء اور شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام ایک پروقار محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اساتذہ، طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ سابقہ مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز نے اپنی بہترین کارکردگی کا دوبارہ مظاہرہ کیا۔ عزیر خالد نے روح پرور اذان پیش کی جبکہ حسنین ریاض نے ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺ پیش کیا۔ حافظ حمزہ ابراہیم نے انگریزی زبان میں سیرت النبی ﷺ کے پہلوؤں کو مؤثر انداز میں بیان کیا۔
مہمان خصوصی مولانا فہد عزیز نے اپنی تقریر میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے امن، محبت اور اخوت کا درس دیا، اور آپ ﷺ کی حیات طیبہ عدل و انصاف اور رحم دلی سے بھرپور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔
پروگرام کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات آج کے دور میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کے لیے بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیرتِ رسول ﷺ سے سبق حاصل کریں، علم کو اپنی ترجیح بنائیں، سچائی اور محنت کو اپنا شعار بنائیں اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی کامیابی اور عزت کا اصل راستہ ہے۔ محفل میں پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔