ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر) غازی یونیورسٹی میں عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی زیر سرپرستی ایک شاندار تقریب کا انعقاد سرسید ہال میں کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام شعبہ ایجوکیشن نے کیا تھا، جس میں صدر شعبہ ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر محمد علی تارڑ، ڈاکٹر اعجاز حسین، ڈاکٹر نور محمد سمیت دیگر اساتذہ اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین کائنات نسیم، شیریں حنیف، ایمن ناز، اظہر منصور و دیگر نے اساتذہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد معاشرے کا معمار اور طلبا و طالبات کی بنیاد بنانے والا ہوتا ہے۔ ان کی تربیت اور علم کے باعث طلبا معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم کردار اساتذہ کا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ ہمارے رسول پاک ﷺ اس کائنات کے سب سے بڑے استاد ہیں، جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کو رہنمائی فراہم کی۔ طلبا سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اساتذہ کی عزت کریں اور ان سے بھرپور علم حاصل کریں۔
تقریب کے اختتام پر ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔