اسلام آباد: ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر معروف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا۔
باغی ٹی وی: ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر معروف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے، عام صارفین کی سہولت کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن مزید اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے-
ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق معروف برانڈز کے گھی کی قیمت میں 17 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے جبکہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 37 سے 48 روپے فی لیٹر تک کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 499 کی بجائے 482 روپے فی لیٹر دستیاب ہوگا، ایک برانڈڈ کوکنگ آئل 470 روپے سے کم ہو کر 422 روپے فی لیٹر جبکہ دوسرا برانڈڈ کوکنگ آئل 555 کی بجائے 518 روپے فی لیٹر میں فراہم کیا جائے گا۔
ڈالر کی قدر مزید کم ،سونے کی قیمت میں اضافہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہنگائی کی شرح 12 ماہ میں سب سے کم ہوگئی ہے۔
ای سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ادارہ شماریات نے بریفنگ میں بتایا کہ مہنگائی مئی کے بعد کم ہونا شروع ہوئی ہے، مئی میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تھی جو کم ہو کر 29.2 فیصد ہوگئی ہے، ادارہ شماریات نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کی وجہ روپے کی قیمت میں استحکام ہے، ای سی سی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ متعلقہ وزارتیں صوبوں سے مل کر کھاد کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائیں،کھاد کی قیمت زیادہ وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔