پشاور پولیس نے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے کے الزام میں دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ شاہ پور کی حدود میں لیڈیز پولیس کے تعاون سے کی گئی، جہاں خواتین کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ گرفتار خواتین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایسی ویڈیوز بناتی تھیں جنہیں معاشرتی اقدار اور اخلاقی تقاضوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ان ویڈیوز کے باعث نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔سی سی پی او پشاور نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی برائیوں اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور پولیس ایسی حرکات کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گی تاکہ عوامی اقدار اور معاشرتی اصولوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خواتین کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر اس قسم کے منفی رجحانات کے خلاف مؤثر اور مربوط کارروائی جاری رکھی جائے۔








