لاہور: پنجاب پولیس نے خود کو غیر ملکی ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گروہ میں دو مردوں کے ساتھ ایک خاتون بھی شامل تھی۔ ان ملزمان نے ایک شہری کو بینک سے نکلتے ہوئے روکا اور اس سے کرنسی ایکسچینج دفتر کا پتہ پوچھا۔ بات چیت کے دوران ملزمان نے پاکستانی کرنسی دیکھنے کی فرمائش کی۔ جیسے ہی شہری نے اپنی رقم نکالی، ملزمان رقم چھین کر فرار ہو گئے۔واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ سیف سٹی آفیسرز نے کیمروں کے ذریعے ملزمان کو ٹریک کیا اور حاصل شدہ شواہد کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا حادثے کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دیں تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔ شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اجنبی افراد کی کسی بھی غیر معمولی درخواست پر محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک شخص سے فاصلہ رکھیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور مزید وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔