غیر قانونی بھرتیاں کیس،چودھری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو رہا کرنے کا حکم

0
43
m khan bhati

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عدالتِ عالیہ میں سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی میں مبینہ جعلی بھرتیوں کے کیس میں محمد خان بھٹی کی درخواستِ ضمانت پر فریقین نے دلائل پیش کئے تھے۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد خان بھٹی کو بوگس مقدمے میں ملوث کیا گیا، الزام یہ ہے جی فیل ہونے والے اُمیدواروں کو گریڈ 17 میں ملازمت دی گئی، ریکارڈ پر جعل سازی کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، یہ مقدمہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے بنایا گیا، پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی پر جیل سازی کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو ملوث کرنے کے لیے رزلٹ تبدیل کیے گئے ہوں، ہو سکتا ہے محمد خان بھٹی اور پرویز الٰہی کے سیاسی مخالفین نے جعل سازی کی ہو، یہ مزید انکوائری کا کیس ہے ریکارڈ پر شواہد موجود نہیں لہذا محمد خان بھٹی کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور ان کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے خلاف پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 21 مئی کو مذکورہ مقدمہ میں چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔سرکاری وکیل نے محمد خان بھٹی کی ضمانت کی مخالفت کی اور ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔واضح رہے کہ گزشہ ماہ محمد خان بھٹی نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

Leave a reply