بہاولپور کے علاقے تلہڑ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے شوہر، سسر اور دیور نے مبینہ طور پر جان سے مار دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے شک کی بنیاد پر خاتون کو پھندا لگا کر قتل کیا،پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان لاش کو دفنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ملک میں بڑھتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ چند روز قبل 17 جولائی کو راولپنڈی میں بھی جرگے کے حکم پر ایک شادی شدہ خاتون کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا، جس نے معاشرتی برائیوں پر روشنی ڈالی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔








