میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی( نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں ساتویں قومی زرعی شماری کا آغاز ہو گیا۔ یکم جنوری سے 10 فروری 2025 تک جاری رہنے والی اس مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے کیا۔ مہم کے دوران ضلع میں 73 دیہی اور 25 شہری بلاکوں پر مشتمل 98 بلاکس میں 60 ورکرز فیلڈ آپریشنز انجام دیں گے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ زرعی شماری کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کے لیے مؤثر پالیسی سازی اور خوراک کی قلت جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف زرعی پیداوار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ مستقبل میں غذائی قلت کے خاتمے کا ذریعہ بھی بنے گی۔ فیلڈ اسٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے اسے قومی فریضہ قرار دیا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سینسز درشن لعل نے بتایا کہ یہ مہم پاکستان کی ساتویں زرعی شماری کے تحت ہو رہی ہے، جس کے دوران پہلی بار زرعی مشینری اور مال مویشی کو بھی شمار کیا جائے گا۔ یہ ایک Integrated Digital Count ہوگا، جو اپنی نوعیت کی پہلی شماری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل آخری زرعی شماری 2010 میں ہوئی تھی۔
محکمہ شماریات حکومت پاکستان کے مرتب کردہ بلاکوں کے مطابق، ضلع گھوٹکی میں یہ مہم پورے نظم و ضبط کے ساتھ جاری رہے گی۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ اقدام زرعی شعبے میں ترقی اور خوراک کی قلت کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔