میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی ہدایات اور اینگرو فرٹیلائزر کمپنی کی شکایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی مشترکہ ٹیم نے شاہ فیصل غلہ منڈی میں مختلف کھاد و بیج فروش دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔
کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن آصف جاوید صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر نوید علی کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سعید احمد ملک اور ایگریکلچر افسر صدام حسین سومرو نے حصہ لیا۔ ٹیم نے کھاد اور بیج فروخت کرنے والے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا، اسٹاک، ریکارڈ اور دستیاب سامان کی جانچ پڑتال کی۔
چھاپوں کا مقصد مارکیٹ میں غیر معیاری، جعلی یا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد کی فروخت کی روک تھام اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے دکانداروں کو سختی سے ہدایات دیں کہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ کھاد فروخت کی جائے،دکان میں قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں ہو،غیرقانونی ذخیرہ اندوزی یا غیر معیاری سامان کی فروخت سے گریز کیا جائے،خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زرعی سیزن کے دوران ایسی چیکنگ مہمات مسلسل جاری رہیں گی تاکہ کاشتکاروں کو معیاری اور اصل کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔









