گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی ضلع میں اباڑو الائنس شوگر مل لمیٹڈ کا مرکزی گیٹ سندھ حکومت کی ہدایات پر پولیس کی بھاری نفری کے ذریعے راتوں رات سیل کر دیا گیا، جس سے علاقے میں شدید ہلچل مچ گئی ہے۔ اچانک بندش نے نہ صرف کاشتکاروں کو پریشان کر دیا ہے بلکہ مل کے سینکڑوں مزدور بھی روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔

گیٹ بند ہونے کے باعث گنے کی سپلائی مکمل طور پر رک گئی ہے۔ لاکھوں روپے کی تیار کھڑی فصل ضائع ہونے کے قریب ہے جبکہ مزدور، جو روزانہ کی مزدوری پر انحصار کرتے ہیں، شدید مشکلات اور بے یقینی کا شکار ہیں۔

مل کے باہر آبادگاروں اور مزدوروں نے بھرپور احتجاج کیا اور حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزدوروں کا کہنا تھا:”ہماری مزدوری بند کر دی گئی ہے، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ سندھ حکومت کو ہم مزدوروں اور آبادگاروں سے کیا دشمنی ہے؟”

کاشتکاروں نے بھی سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا:”ہماری فصل تباہ ہو رہی ہے، معیشت بیٹھ رہی ہے، حکومت اپنی ہی عوام کے راستے کیوں بند کر رہی ہے؟”

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ الائنس شوگر مل کا گیٹ فوری طور پر کھولا جائے تاکہ گنے کی ترسیل بحال ہو سکے اور مزدوروں کا روزگار دوبارہ شروع ہو سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گیٹ نہ کھولا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

Shares: