گھوٹکی (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ضلع کے مختلف حفاظتی بندوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ ان کے دورے میں قادرپور لوپ بند، کچو بنڈی، شینک بند، اوباوڑو کنٹرول روم اور فون لانڈھی حفاظتی بند شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ کچے کے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لیے خیمے، مچھر دانیاں اور دیگر بنیادی سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق گڈو بیراج پر 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی آنے کا امکان ہے، لہٰذا کچے کے رہائشی اپنی حفاظت کی خاطر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کی دیکھ بھال اور سہولتوں کی فراہمی کی مکمل ذمہ داری لے گی۔
منظور احمد کنرانی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کاموں کے لیے پاک نیوی اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں گی تاکہ متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا جا سکے۔
اپنے دورے کے دوران، ڈی سی گھوٹکی نے متاثرہ خاندانوں اور ان کے مویشیوں کے لیے قائم کردہ میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروں اور لائیو اسٹاک کے عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ متاثرین اور ان کے مویشیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ بارشوں اور سیلابی ریلے سے حفاظتی بندوں کو درپیش ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر 24 گھنٹے کڑی نگرانی یقینی بنائیں۔