میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں سیلاب سے سینکڑوں گاؤں زیرِ آب، متاثرین کا احتجاج، انتظامیہ پر غفلت کا الزام
تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی میں حالیہ سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاؤں پانی میں ڈوب گئے، درجنوں مکانات تباہ ہوئے اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔ متاثرین نے انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی امداد نہ ملنے پر شدید احتجاج کیا۔

گاؤں جاڑو خان شیخ کے متاثرین نے مقامی رہنماؤں کمال مہر، نظیر احمد شیخ، جسقم شہید بشیر خان، اور میر حسن لاشاری کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سیلاب کو کئی دن گزر جانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی امدادی کارروائی شروع نہیں کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی سے بچوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، اور مچھروں کی کثرت کے باعث ملیریا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مویشی بھی بیمار ہو رہے ہیں، لیکن کوئی ڈاکٹر علاج کے لیے نہیں پہنچا۔ اس صورتحال نے ان کے مالی اور جانی نقصان کو مزید بڑھا دیا ہے۔

متاثرین نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ
* سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔
* متاثرین کو ادویات، خوراک اور عارضی رہائش فراہم کی جائے۔
* جانوروں کے لیے بھی فوری طبی امداد کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

Shares: