میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والا کمسن بچہ بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے فوری تلاش شروع کی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو والدین سے ملایا۔
تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو کے علاقے سومرو کالونی کے رہائشی حافظ اظہر سعید کھوکھر نے تھانہ میرپور ماتھیلو میں اطلاع دی کہ ان کا 5 سے 6 سالہ بیٹا محمد عمر گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے اور کافی تلاش کے باوجود نہیں مل رہا۔ اس اطلاع پر میرپور ماتھیلو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جہانگیر بیس کنٹرول اور ضلع کے دیگر تھانوں کو اطلاع دی۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بچے کو جلد از جلد تلاش کرنے کا حکم دیا، جس پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور کوششوں کے بعد بچے کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچہ والدین کے سپرد کر دیا گیا، جس پر اہلخانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو اور ان کی ٹیم کو شاباشی دی اور کہا کہ عوام کی خدمت اور حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔