میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق لغاری)گھوٹکی کے علاقے رحموالی فیڈر پر سیپکو کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ 12 سے 14 گھنٹے طویل غیر اعلانیہ بجلی کی بندش نے علاقے کے رہائشیوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
مسلسل بجلی کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو زندگی، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں مفلوج ہو چکی ہیں۔بزرگوں، مریضوں اور بچوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروباری افراد کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
علاقے کے شہریوں نے سیپکو کے چیف آپریٹنگ آفیسر، ایگزیکٹو انجینئر، اور سب ڈویژنل آفیسر سے مؤدبانہ درخواست کی ہے کہ اس غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔
رہائشیوں نے زور دیا ہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی ان کا بنیادی حق ہے اور سیپکو انتظامیہ کو اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ افسران اس مسئلے کا فوری نوٹس لے کر اسے حل کریں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا تو وہ سیپکو کے شکر گزار ہوں گے۔