میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگار)ڈہرکی میں شہری مزدور اتحاد کے صدر محمد صادق لغاری اور خادم حسین بھٹو کی قیادت میں تجاوزات کے خاتمے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے احتجاج 15ویں روز بھی جاری رہا۔ صنعتی اداروں کے رہنما رئیس فتح محمد لکھن، رانجھن سمیجو، سید رحمت شاہ، شہزادو پنہیار اور آصف بھٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
احتجاجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ ہائی کورٹ سکھر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تجاوزات کا خاتمہ اسی فیصلے کے مطابق کیا جائے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے دوہرا معیار اپنانا قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے نام پر مزدوروں کے روزگار کو ختم کرنا زیادتی ہے۔
مزدور رہنماؤں نے زور دیا کہ انکروچمنٹ کا خاتمہ صرف مخصوص ریڑھیوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پورے شہر میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک شہر کو خوبصورت بنانے اور عوامی بھلائی کے لیے ہے، اور مزدوروں کے مسائل حل کیے بغیر شہر کی بہتری ممکن نہیں۔
رہنماؤں نے عزم کا اظہار کیا کہ محمد صادق لغاری اور دیگر مزدوروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔