میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری): سندھ میں پیپلز پارٹی کی اٹھارہ سالہ حکومت کے دوران گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ چھ سال سے بند ہیں، جس کے خلاف ستائے ہوئے ملازمین کی جانب سے پاکستان چوک پر لگایا گیا احتجاجی کیمپ 66 ویں روز بھی جاری رہا۔

ملازمین سہراب کلوڑ، کفایت گھوٹو، حفیظ لولائی، منیر کلوڑ، ہدایت اللہ ابڑو، منور کلوڑ، حافظ عبدالباری گھوٹو، قدیر میمن، امداد کولاچی، امام بخش ملک، ندیم دھاندھو، وحید کھاوڑ اور دیگر نے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور بلدیاتی وزیر ناصر شاہ نے تاحال اس معاملے پر کوئی نوٹس نہیں لیا۔

ملازمین نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ چھ سال سے بند تنخواہیں فوری طور پر بحال کی جائیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اپیل کی کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ جلد احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا اور پاکستان چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک تنخواہیں بحال نہیں ہوتیں، احتجاجی کیمپ آخری سانس تک جاری رہے گا۔

Shares: