میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری) ضلع گھوٹکی کے نواحی علاقے میں ظلم اور سفاکی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں معروف ٹک ٹاکر مسمات سمیرا راجپوت دختر محمد شریف راجپوت کی لاش اس کے گھر سے ملی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سمیرا کو مبینہ طور پر زہریلی گولیاں دے کر قتل کیا گیا اور اس کی لاش گھر میں اس انداز سے پھینکی گئی تاکہ موت کو قدرتی موت ظاہر کیا جا سکے۔
ڈی ایس پی انور شیخ کے مطابق مقتولہ کی 15 سالہ بیٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ چند افراد اس پر زبردستی شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے اور اسی دباؤ کے باعث اس کی والدہ سمیرا کو زہر دے کر قتل کیا گیا۔ بیٹی نے واقعے کے فوراً بعد ایمبولینس کے ذریعے لاش کو اپنی خالہ کے گھر منتقل کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سمیرا راجپوت طویل عرصے سے گھریلو تنازعات اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے ہراسانی کا شکار تھی۔ مقتولہ کی بیٹی کے بیانات اور ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ایک باقاعدہ سازش کے تحت کیا گیا قتل ہو سکتا ہے۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر سرونند کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے، تاہم لاش سے حاصل کیے گئے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں، جن کی رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور تفتیش جاری ہے۔










