گھوٹکی (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے ایس ایس پی محمد انور کھیتران کی قیادت میں کچے کے علاقے میں اغواء کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سب ڈویژن رونتی کے تھانہ آندل سندرانی کے کچے علاقے میں اغواء کار سندھو ولد شہزادو شیخ کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ ملزم سندھو شیخ سکنہ نانگ واہ، ضلع گھوٹکی کے مختلف تھانوں میں اغواء برائے تاوان، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی سربراہی میں ڈی ایس پی انور علی شیخ، سب ڈویژن رونتی، کچو بنڈی اور گھوٹکی کے ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی بھاری نفری اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ کارروائی میں شریک ہے۔

پولیس نے دورانِ آپریشن اغواء کار سندھو شیخ کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں تک رسائی حاصل کر کے انہیں مسمار کر دیا اور بعض ٹھکانوں کو آگ لگا دی۔ ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے کہا ہے کہ ٹارگیٹڈ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ڈاکو اور اغواء کار ہتھیار ڈال نہیں دیتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

Shares: