میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر رینج کی جانب سے سیاہ کاری کے نام پر منعقدہ غیر قانونی جرگے کا نوٹس لیے جانے کے بعد ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ میرپور ماتھیلو کی حدود میں واقع گاؤں سمندر بھیو میں وڈیرے شاہنواز بھیو، جانب بھیو، معشوق بھیو، احمد بھیو، محمد علی بھیو اور غلام حسین بھیو کی جانب سے ایک غیر قانونی جرگہ منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد مبینہ طور پر سیاہ کاری کے معاملے کا فیصلہ کرنا تھا۔ اس سنگین صورتحال کا علم ہوتے ہی ایس ایس پی گھوٹکی نے ایس ایچ او میرپور ماتھیلو کو سخت احکامات جاری کیے کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث تمام افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

جرگے کے حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق نامزد ملزمان نے وسیم بھیو نامی نوجوان پر ثانیہ بھیو نامی لڑکی کے ساتھ سیاہ کاری کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا اور اس کے بدلے میں دو لڑکیوں، شمیلا اور انیسہ بھیو کو بطور ‘عیوضہ’ دینے سمیت 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا غیر انسانی فیصلہ سنایا تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع میں کسی کو بھی متوازی عدالتی نظام چلانے یا انسانی حقوق کی پامالی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور جرگہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایس پی کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو بدر دین برڑو نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کی اور جرگے کے مرکزی ملزم شاہنواز ولد غلام محمد بھیو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جرگے میں ملوث 6 نامزد ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 268/2025 کے تحت دفعہ 310A، 120B، 506/2 اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ جرگے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ انہیں جلد از جلد گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جا سکے۔

Shares: