میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری)گھوٹکی میں 16 تا 22 دسمبر تک پولیو مہم کے دوران 4 لاکھ 70 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مہم کے دوران پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے تمام تر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ای او ڈاکٹر راؤ آفتاب، میڈیکل افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ ایک سنگین خطرہ ہے، اور خانپور مہر تحصیل میں پولیو کا کیس سامنے آنا ضلع گھوٹکی میں وائرس کی موجودگی کا ثبوت ہے، اس لیے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولیو ورکرز کو مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ فیلڈ میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کریں، اور مہم کے دوران غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر ظہیر ڈومکی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 سے 22 دسمبر تک مہم کے دوران ضلع بھر کے 4 لاکھ 77 ہزار 972 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈاکٹر نیاز اور یونیسیف کے ڈاکٹر رحیم گڈانی نے بھی شرکت کی اور مہم کی کامیابی کے لیے اپنی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا ہے جس میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 تک کی نوکریوں کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ کے حوالے سے آئی بی اے سکھر کے ساتھ معاہدے کی توسیع سمیت دیگر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

Shares: