میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے ضلع میں متوقع شدید بارشوں کے پیشِ نظر ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ محکمہ موسمیات کی اس پیشگوئی کے بعد کیا گیا ہے جس میں آئندہ چند دنوں میں گھوٹکی اور اس کے گرد و نواح میں تیز اور مسلسل بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق، محکمہ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، زراعت، اور سوشل ویلفیئر کا تمام عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے گا اور کسی کو بھی ہیڈ کوارٹر سے غیر حاضر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈی سی گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے واضح کیا ہے کہ بارش ایمرجنسی کے دوران کسی بھی افسر یا ملازم کی لاپرواہی کو سخت بدانتظامی سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داری سے گریز کرنے والوں کے خلاف نہ صرف انتظامی بلکہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

آبپاشی محکمہ کو حفاظتی بندوں اور نہروں کے پشتوں کی کڑی نگرانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ یقینی ہو۔

لوکل گورنمنٹ کو نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ صحت کو تمام اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ایمرجنسی میڈیکل سہولیات، ادویات اور عملہ ہر وقت تیار رکھنے کا کہا گیا ہے۔

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں فوری ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ زراعت کو فصلوں کو نقصان سے بچانے اور سوشل ویلفیئر کو متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار رہنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی جائے۔

Shares: