میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی ضلع میں آبادگاروں، ہاریوں اور مزدوروں نے گنے کے سرکاری نرخ نہ ملنے اور شوگر ملوں کی بندش کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ سینکڑوں افراد بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور شوگر مافیا کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے کہا کہ ضلع میں پانچ شوگر ملیں موجود ہونے کے باوجود نہ سرکاری ریٹ دیا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی مل مکمل طور پر چل رہی ہے، جس کے باعث ہزاروں ہاری شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے آبادگار اور مزدور شوگر ملز مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں، اور ملوں کی جانب سے جان بوجھ کر تاخیر کر کے کسانوں کو کم ریٹ پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
احتجاجی شرکا نے بتایا کہ گنے کی تیار فصل کھڑی ہے مگر شوگر ملوں کی بندش کے باعث فصل ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شوگر ملیں بحال کی جائیں، سرکاری نرخ جاری کیا جائے اور ہاریوں کے معاشی استحصال کو روکا جائے۔








