میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کے کچہ ایریا میں اغواء کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ ٹارگیٹڈ آپریشن ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شر گینگ، ماچھی گینگ اور میرانی گینگ کے خلاف سب ڈویژن رونتی کے تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود میں جاری آپریشن میں مغویوں کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس اور اغواء کاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ پولیس اور رینجرز نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کا گھیراؤ تنگ کر کے انہیں مسمار کر دیا اور کئی مقامات کو نظر آتش کر دیا گیا ہے۔ کچہ کے دشوار گزار علاقوں میں سخت سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ ڈاکوؤں کے تمام محفوظ مقامات ختم کیے جا سکیں۔
آج کے آپریشن میں ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں ڈی ایس پی اباوڑو عبدالقادر سومرو، متعدد تھانوں کے ایس ایچ اوز، اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیوں سمیت پولیس و رینجرز کی بھاری نفری شریک ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے عزم ظاہر کیا ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا جائے گا اور اغواء کاروں و ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک کچہ کے علاقے میں آپریشن جاری رہے گا۔