میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ بی سیکشن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن محمد قابل بھیو نے عملے کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر انٹرچینج گھوٹکی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان، فیاض احمد ولد اللہ وسایو چوہان اور سلیم ولد پیر بخش چوہان، سکنہ رفیق آباد رحیم یار خان، کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 288 آدھیہ شراب اور ایک کار برآمد ہوئی۔ ایک اور ملزم، محمد فرخ بشیر ولد بشیر احمد، پولیس کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ شراب سمیت تھانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 51/2025 بجرم دفعہ 3/4 منشیات حدود آرڈیننس کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اسے منشیات کے خلاف جاری جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

Shares: