میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔ ڈی ایس پی گھوٹکی رانا نصراللہ کی سربراہی میں متعدد تھانوں کی پولیس نے تھانہ بی کی حدود لعل پیر بیلہ میں چھاپے مارے، تاہم ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں مصری ولد لعل بلو، نظام الدین ولد مصری بلو، پرویز ولد بنبھور بلو، قربان بلو، ظہور میرانی، شہزادو کلہوڑو، راحب عرف آصف ولد خدا بخش میرانی سمیت دیگر شامل تھے، جو قتل، اغواء برائے تاوان، رہزنی، چوری اور پولیس مقابلے جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس پارٹی کے پہنچنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی، تاہم تمام ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے آپریشن کے دوران ملزمان کے ٹھکانوں سے چوری شدہ دو عدد ٹریکٹر برآمد کر لیے، جنہیں مالکان کی شناخت کے بعد ان کے حوالے کیا جائے گا۔ اس پولیس مقابلے کا مقدمہ تھانہ بی سیکشن میں کرائم نمبر 10/2025 کے تحت دفعہ 324، 353، 147، 148، 149 ت پ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی گھوٹکی رانا نصراللہ کی قیادت میں کیے گئے اس آپریشن میں 03 اے پی سی چینز، 08 ایس ایچ اوز، اور 12 پولیس موبائلز حصہ لے رہی تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری رہیں گی اور جلد ہی قانون کی گرفت میں لے آئیں گے۔

گھوٹکی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں مدد کریں تاکہ علاقے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

Shares: