میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل اغواء ہونے والے دو نوجوانوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیابی کی یہ کارروائی ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن رفیق احمد سومرو نے خفیہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے کی۔

تفصیلات کے مطابق شاھد حسین ولد سجن چانڈیو اور سجاول ولد محمد لقمان چانڈیو، جو کہ تتر بازی کے شوقین تھے، چند روز قبل کشمور کے کچے کے علاقے میں شکار کے لیے گئے تھے جہاں وہ نامعلوم اغواء کاروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اغواء کار مغویوں کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر ایس ایچ او رفیق احمد سومرو نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کی۔ تھانہ بی سیکشن کی حدود میں کندہ کوٹ کشمور پل کے قریبی کچے علاقے میں اغواء کاروں کا گھیرا تنگ کر کے پولیس نے دو مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

پولیس کے پہنچنے پر اغواء کار مغویوں کو چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بعد ازاں مغویوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ تتر لینے کے لیے کچے گئے تھے، جہاں انہیں اغواء کیا گیا۔

پولیس نے مغویوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب آپریشن پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس بروقت اور جرأت مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے گھوٹکی پولیس کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا ہے۔

Shares: