میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو ایک خاتون پر تشدد اور تذلیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے فوری کارروائی کا حکم جاری کیا۔ ان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او اے سیکشن محمد قابل بھیو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عبدالقدیر ولد زاہد حسین سندرانی سکنہ شانتی نگر گھوٹکی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 189/2025 بجرم دفعات 354، 337-A(i)، 337-F(i) تعزیرات پاکستان کے تحت درج کر لیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید تحقیقات جاری ہیں، اور پولیس کی جانب سے ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

Shares: