میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ضلع گھوٹکی کا دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی آفس آمد پر انہیں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی جی سندھ نے کندھ کوٹ-گھوٹکی پل کے تعمیراتی کام اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی کو مزید اقدامات کی ہدایات دیں۔ انہیں گھوٹکی کے کچے اور دیگر علاقوں میں امن و امان کے حوالے سے پولیس حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر، اے ایس پی میرپور ماتھیلو، ڈی ایس پیز گھوٹکی، ڈہرکی، اباوڑو، رونتی اور دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔ آئی جی سندھ نے فرائض کی عمدہ ادائیگی پر 14 پولیس اہلکاروں، 7 آئی ٹی ڈرون ٹیم ممبران، ایس ایچ اوز ڈہرکی، اباوڑو، کھمبڑا اور ہیڈ محرران کو سی سی ون سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

آئی جی سندھ کے احکامات:
ڈکیتوں اور اغوا میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے
کچے اور پکے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے
پولیس کو جدید ہتھیاروں اور گاڑیاں جلد فراہم کی جائیں گی۔
ہائی ویز پر ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں
کچے میں رہنے والے عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے
سی ٹی ڈی کو اسلحہ کی ترسیل روکنے کے لیے ٹاسک دے دیا گیا ہے
ملزمان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ڈاکوؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہتھیار ڈال کر قانون کے دائرے میں آجائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔

دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی نے آئی جی سندھ کو تحائف پیش کیے۔

Shares: