گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی کی جونگ کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک سال قبل پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قاتلانہ حملے کا نشانہ بن گیا۔ حملے میں غلام عباس منسی شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ فوزیہ مگسی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق غلام عباس منسی نے ایک سال قبل اپنی مرضی سے فوزیہ مگسی سے شادی کی تھی، جس پر اہلِ خانہ ناراض تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر "غیرت کے نام پر حملے” کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ ڈہرکی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جبکہ زخمی غلام عباس کوعلاج کیلئے ہسپتال بھیج دیا گیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ابتدائی طور پر فائرنگ کو دشمنی یا گھریلو رنجش کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔







