گھر میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق
شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں گھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ولیکا اسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے میاں اور بیوی کو قتل کردیا، مقتولین نے پسند کی شادی کررکھی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے باپ اور بھائی روبی کی پسند کی شادی کے خلاف تھے، مقتولین سر میں گولیاں ماری گئی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کے باپ، بھائیوں نے دونوں کو قتل کیا، مقتولین کی شناخت موسیٰ اور روبی کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں نے دو ماہ قبل کورٹ میرج کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند گھنٹوں قبل کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لڑکی پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر سابق شوہر نے 19 سالہ بیوی رمشا پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس کے باعث لڑکی کے جسم کا 40 فیصد حصہ جھلس گیا تھا۔
متاثرہ لڑکی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔
متاثرہ خاتون کی والدہ نے اےآروائی نیوزسےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رمشا کے شوہر نے واٹس ایپ پر طلاق دی تھی اور طلاق دینے کے باوجود سابق شوہرراستے میں تنگ اور پریشان کرتا تھا۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بلدیہ ٹاؤن میں لڑکی پر تیزاب پھینکنے کےواقعےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔