گلگت کے علاقے فیض آباد میں گزشتہ شب شدید بارش کے باعث پہاڑ سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچائی ہے۔ اس دوران متعدد گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ نلتر ایکسپریس وے کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر گلگت کیپٹن ریٹائرڈ عادل علی نے بتایا کہ رات گئے ہونے والی تیز بارش کے بعد سیلابی پانی نے علاقے میں داخل ہو کر کچھ گھروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے سڑک پر بھی پانی جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے نلتر ایکسپریس وے کے کچھ حصے متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فوری طور پر تین گھروں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے تاکہ ان کی جان و مال کو کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ریسکیو اور دیگر متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کام جاری ہیں۔
عادل علی نے یقین دہانی کروائی کہ سیلاب کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں پوری طرح چوکس ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔