گلگت: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس ہوڈر کے قریب گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حملہ نامعلوم شرپسندوں نے کیا، جو اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر اچانک فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ اس واقعے میں دو نوجوان جوان اپنی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک جوان زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور فورسز نے سرچ اینڈ ٹارگٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
گلگت بلتستان حکومت نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز علاقے میں مکمل چوکس ہیں اور عوام کو کسی قسم کی بے چینی یا تشویش کی ضرورت نہیں۔