سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض)بڈیانہ پولیس نے ایک سال سے لاپتہ 23 سالہ لڑکی لائبہ کو لاہور کے علاقے ساندہ سے بازیاب کر لیا۔ لائبہ، جو تھانہ بڈیانہ کے علاقے کالووالی کی رہائشی تھی، 8 اکتوبر 2023 کو اچانک غائب ہو گئی تھی۔ اس کے اغوا کا مقدمہ اس کی دادی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا تھا، تاہم ابتدائی تفتیش میں لڑکی کی بازیابی ممکن نہ ہوسکی۔

پولیس کے سابق ایس ایچ او لڑکی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے، جس کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے ایس پی انوسٹی گیشن غلام عباس اور ڈی ایس پی پسرور سرفراز رانجھا کی نگرانی میں تھانہ بڈیانہ کے ایس ایچ او انسپکٹر غازی عرفان اشرف کو اس کیس کی ذمہ داری سونپی۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لائبہ کی تلاش کا آغاز کیا۔ پہلے اس کا پتہ فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ سے چلا، تاہم جب پولیس وہاں پہنچی تو مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ لائبہ لاہور کے علاقے ساندہ میں موجود ہے۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ساندہ میں چھاپہ مارا اور لائبہ کو بازیاب کر لیا۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق لائبہ کے والدین وفات پا چکے تھے، جس کے بعد وہ یہاں سے فرار ہو گئی تھی۔ پولیس کی کامیاب کارروائی کے بعد لائبہ کو بازیاب کر کے تحفظ میں لے لیا گیا ہے۔

Shares: