لاہور سے اغواء کی گئی لڑکی شیخوپورہ سے بازیاب
لاہور(باغی ٹی وی رپورٹ)گلشن منیر سکیم، آہلو روڈ سے اغواء کی گئی ایک لڑکی کو کاہنہ پولیس نے شیخوپورہ کے رانا ٹاؤن سے بازیاب کروا لیا ہے۔
12 اگست 2024 کو یہ لڑکی مدرسے سے گھر واپس آتے ہوئے گلی میں سے اغواء کر لی گئی تھی اور رانا ٹاؤن لے جائی گئی تھی۔ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر تھانہ کاہنہ میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی تھی۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا اور ضلع شیخوپورہ کے رانا ٹاؤن سے گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے لڑکی پر نظر رکھے ہوئے تھا اور اس نے 17 سالہ لڑکی کو اغواء کر کے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم عالم شیر مغویہ کے ساتھ کئی بار زیادتی کر چکا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اغواء کا مقدمہ درج کر کے مغوی کو تلاش کرنا پولیس کی اولین ترجیح تھی۔ انہوں نے کاہنہ پولیس ٹیم کو اس کامیابی پر شاباش دی ہے۔