میرپورخاص، باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): میرپورخاص کے علاقے سیال کالونی میں رہائشی 17 سالہ لڑکی سگنا کولہی کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعے نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ اس واقعے پر ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر خبر پھیلنے کے بعد ایس ایس پی نے ایس ایچ او غریب آباد اور ایس ایچ او وومین پولیس کو ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ کروا لیا ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس ایچ او غریب آباد تھانہ انسپکٹر فیصل شفیع میمن نے اپنی ٹیم کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ملزم غلام نبی لنگھانی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ وومین پولیس میں زیادتی کا مقدمہ نمبر 37/2024 زیر دفعہ 376,452 تعزیرات پاکستان (3ii) (TIP) ایکٹ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔
ایس ایس پی میرپورخاص نے ملزم کی فوری گرفتاری پر ایس ایچ او کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔