خیبر ایجنسی (باغی ٹی وی) فاٹا لویہ جرگہ کی جانب سے 9 مارچ بروز ہفتہ صبح 10 بجے تختہ بیگ سے بابِ خیبر تک ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مظاہرے کا عنوان "قبائل کو انصاف دو” رکھا گیا ہے، جس میں تمام قبائلی مشران و نوجوانوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ احتجاج 9 مارچ 2022 کو دیے گئے اس عدالتی وعدے کی یاددہانی کے طور پر کیا جا رہا ہے، جس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے فاٹا انضمام کے خلاف دائر کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ یا فل بینچ تشکیل دینے کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم، بدقسمتی سے دو سال گزرنے کے باوجود اس کیس کی سماعت کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی، جس پر قبائلی عوام شدید مایوسی اور ناراضگی کا شکار ہیں۔

فاٹا لویہ جرگہ کے مرکزی کابینہ، سپریم کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ زیادہ سے زیادہ قبائلی عوام کو لے کر آئیں۔ اسی طرح، قبائلی یوتھ کے صدر نجیب مجبور اور قبائلی طلبہ کے صدر ریحان قبائل سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ نوجوانوں اور طلبہ کے قافلوں کے ساتھ مظاہرے میں شریک ہوں، تاکہ حکومت اور حکومتی ادارے یہ دیکھ سکیں کہ قبائل اپنی رائے کے خلاف کوئی فیصلہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

Shares: