ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 241 رنز کا ہدف عبور کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔
باغی ٹی وی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 241 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر جیسن روئے کی شاندار 145 رنز ناٹ آؤٹ کے بدولت حاصل کیا۔
راوالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 162 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی-
صائم ایوب 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے 60 گیندوں پر اپنی پہلی پی ایس ایل سنچری اسکور کی اور وہ 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ روومین پاول 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز اسکور کیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ڈووین پریٹوریس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے نے 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر طوفانی 145 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ محمد حفیظ بھی 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،وِل شمیڈ 26 اور مارٹن گپٹل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے مجیب الرحمان اور وہاب ریاض نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے بڑا کامیاب ہدف 207 رنز تھا جو ملتان سلطانز نے 2022 میں لاہور قلندرز کے خلاف حاصل کیا تھا۔