لاہور کے علاقے گوالمنڈی میں گوگی بٹ کی پرانی رہائشگاہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

دوسری جانب لاہور پولیس نے آج ہی گوگی بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ سی سی ڈی پولیس نے کارروائی کے دوران گوگی بٹ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے ساتھیوں سمیت پہلے ہی فرار ہو چکا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوگی بٹ گزشتہ چند دنوں سے انڈر گراؤنڈ تھا اور پولیس کی گرفت سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر روپوشی اختیار کیے ہوئے ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ اسے طیفی بٹ کے پولیس مقابلے کے واقعے میں بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ پولیس حراست میں اس وقت ہلاک ہوا تھا جب اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی۔ پولیس حکام کے مطابق طیفی بٹ کو گوگی بٹ اور اس کے ساتھیوں نے چھڑانے کی کوشش کی، جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں طیفی بٹ ہلاک ہو گیا۔

Shares: