گوجر خان،باغی ٹی وی( نامہ نگار شیخ ساجد قیوم) گوجر خان کے تھانہ جاتلی کے علاقے ڈھونگ میں پیر کے روز ایک دعوتِ ولیمہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے تقریباً 150 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرین کو فوری طور پر ڈھونگ کے بنیادی مرکز صحت اور دولتالہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دولتالہ کے نواحی علاقے ڈھونگ میں ولیمے کے دوران کھانے میں مبینہ طور پر فوڈ پوائزننگ ہوئی، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد متلی، قے اور دست جیسی علامات کے ساتھ اسپتال پہنچے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور اضافی طبی عملہ طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، ڈیڑھ سو سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ گوجر خان سے ایمبولینسز اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی فوری طور پر متاثرہ علاقے روانہ کر دی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔

متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ علاقے کے دیگر مکین بھی خوف و اضطراب کا شکار ہیں۔ محکمہ صحت نے کھانے کے نمونے حاصل کر کے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مضر صحت کھانا فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Shares: