گوجرہ (عبد الرحمن جٹ) زمین کے تنازعہ نے ایک اور جان لے لی، چک نمبر 281 ج ب کے رہائشی 35 سالہ راشد سلیم کو ٹوکے اور کسی تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق راشد سلیم اپنے کھیتوں میں مکئی کی فصل کی دیکھ بھال کے لیے گیا تھا جہاں شہباز، بلال اور غفران وغیرہ نے اس پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے راشد سلیم پر ٹوکے اور کسی دوسرے ہتھیار سے پے در پے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس گوجرہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی نعش کو اپنی تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرہ منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے اور پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان مقتول کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں جن کے درمیان زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ آخری اطلاعات تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

Shares: