گوجرہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ سٹی گوجرہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانہ سٹی گوجرہ کے علاقے چک نمبر 278-RB کے رہائشی عبدالشکور وغیرہ نے 15 پر اطلاع دی کہ تین مسلح ملزمان نے 99JB روڈ کے قریب ناکہ لگا کر شہریوں سے نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی ہیں۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ انسپکٹر سرفراز احمد معہ پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔
پینسرہ روڈ پر ڈاکٹر عطا حمید ہسپتال کے قریب پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر تینوں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں علی رضا نامی ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور مزید نفری طلب کر لی۔
مقابلے کے دوران ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئےایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ اور تھانہ نواں لاہور کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کے خلاف محاصرہ سخت کر دیا گیا۔ کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم اچانک ملزمان کی جانب سے فائرنگ بند ہوگئی۔ جب پولیس نے سرچ لائٹ کی مدد سے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کر لی، جن کے نام درج ذیل ہیں:
سلمان ولد مختار، رہائشی چک نمبر 241-RB فیصل آباد،شاہد ولد اکبر، رہائشی چک نمبر 73-JB فیصل آباد
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو تھے اور مختلف سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کی کامیاب کارروائی پر شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ ڈی ایس پی گوجرہ اختر علی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ موقع پر موجود رہے اور مزید تفتیش کے عمل کو یقینی بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔