گوجرہ، (نامہ نگار باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں پنجاب پولیس کے نئے قائم شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت علی حیدر سکنہ کمالیہ اور یاسین سکنہ ساہیوال کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ یافتہ بتائے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرہ کے علاقہ 158 گ ب کے قریب سی سی ڈی پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے موٹر سائیکل پھینک کر فصلوں میں چھپنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو دو افراد شدید زخمی حالت میں پائے گئے، جو بظاہر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ ان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
شدید زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے موقع سے آتشیں اسلحہ اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔ سی سی ڈی پولیس فرار ہونے والے تیسرے ملزم کی تلاش کر رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔