گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ میں گھریلو جھگڑے اور بڑھتی جرائم پیشہ وارداتوں نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ چک نمبر 278 ج ب کی رہائشی صوبیہ نے گھریلو تنازع پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھالیں، جس کے نتیجے میں اس کی حالت غیر ہو گئی۔ اہل خانہ نے فوری طور پر اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب گوجرہ میں چوری کی تین مختلف وارداتوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ حسنیہ کالونی کے خالد محمود کی موٹر سائیکل نامعلوم چور چرا کر لے گئے، جبکہ چک نمبر 354 ج ب کے اعجاز احمد کی موٹر سائیکل بھی نجی ہسپتال کے باہر سے چرا لی گئی۔ اسی دوران چک نمبر 367 ج ب میں نامعلوم چور فرزانہ کوثر کے گھر میں داخل ہوئے اور ہزاروں روپے نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی پارچات لے اڑے۔

وارداتوں کی اطلاع تھانہ سٹی اور صدر پولیس کو دے دی گئی ہے، تاہم تاحال مقدمات کے اندراج کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی چوریوں پر فوری قابو پایا جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Shares: