گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک 301 ج ب کی اراضی کے جعلی اور فرضی انتقالات کرنے میں ملوث سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان انٹی کرپشن کے شکنجے میں آ گئے۔ انٹی کرپشن فیصل آباد نے کرپشن اور جعلسازی کے الزامات پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مدینہ کالونی والٹن روڈ لاہور کینٹ کے رہائشی طیب صدیق نے انٹی کرپشن لاہور کو درخواست دی کہ اس کا ملکیتی رقبہ چک 301 ج ب میں ارشاد احمد اور بشیر احمد نامی دو بھائیوں کے پاس ٹھیکے پر تھا۔ تاہم ان بھائیوں نے مبینہ طور پر سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء (موجودہ اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ، ضلع لیہ) اور حلقہ پٹواری خلیق الزمان کے ساتھ ملی بھگت کر کے اراضی کے جعلی انتقالات کروا کر ریکارڈ میں رد و بدل کر دیا۔
جس پرانٹی کرپشن فیصل آباد نے تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے تحت دفعہ 420، 468، 471 ت پ اور 5/2/47 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم تاحال دونوں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
گوجرہ کے شہریوں نے محکمہ ریونیو میں ہونے والی اس سنگین کرپشن اور جعلسازی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔








