گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر، محمد اجمل) سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج،لاکھوں روپے کی واردات، پولیس کی کارکردگی پر سوال، تاجران نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا
تفصیلات کے مطابق گوجرہ شہر میں ایک معروف تاجر اور سینئر صحافی شیخ محمود احمد کے ساتھ ہونے والی مسلح ڈکیتی کا سراغ نہ لگنے پر تاجر برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ یہ واردات تقریباً ایک سال قبل محمود ٹریڈر کی دکان پر پیش آئی تھی مگر تاحال لوٹا گیا مال و زر برآمد نہیں ہو سکا۔
شیخ محمود احمد نے نیشنل بینک والی گلی میں محمود ٹریڈر کے نام سے دکان بنا رکھی ہے۔ تقریباً ایک سال قبل، تین نامعلوم ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہو کر تمام افراد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا تھا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس دیگر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا مال و زر برآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
متاثرہ تاجر شیخ محمود احمدانصاف کے حصول کے لیے متعدد بار ڈی پی او کی کھلی کچہریوں میں بھی پیش ہو چکے ہیں، مگر انہیں تاحال کوئی خاص شنوائی یا داد رسی نہیں ملی۔
ڈکیتی کی رقم اور ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مقامی تاجر حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس کی کارکردگی کو نااہلی قرار دیا ہے۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں، ڈکیتی کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کروائیں، اور لوٹا گیا مال و زر جلد از جلد برآمد کروائیں۔