گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ایکسیلنسی نیل ہاکنز نے گوجرہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہمانِ خصوصی کے ساتھ ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ چیف کوچ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین طاہر زمان اور کوچ شیخ محمد عثمان نے بھی پرتپاک خیر مقدم کیا۔
نیل ہاکنز نے اپنے پیغام میں کہا کہ گوجرہ کو ہاکی کے حوالے سے منفرد مقام حاصل ہے اور اس شہر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ آ کر بے حد خوشی ہوئی، خصوصاً بچوں اور بچیوں کا کھیل دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو استاد اسلم روڈا کے نام سے منسوب ہاکی اسٹک کا سووینئر اور 1994 ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم کے دستخطوں والی خصوصی ہاکی اسٹک پیش کی گئی، جبکہ انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔