گو جرہ: 9 سالہ بچے کا سفاک قاتل گرفتار، بدفعلی کے بعد قتل کی تصدیق

گو جرہ (نامہ نگار باغی ٹی وی عبدالرحمن جٹ سے) تھانہ صدر گوجرہ پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا، جس میں 9 سالہ بچے سہیل عرف شیرو کو بدفعلی کے بعد قتل کرنے والا سفاک قاتل گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مورخہ 3 ستمبر 2024 کو تھانہ صدر گوجرہ کو اطلاع ملی کہ چک 372 ج ب اضافی آبادی سے 9/10 سالہ بچہ سہیل عرف شیرو، 2 ستمبر 2024 سے غائب ہے۔ بچے کے والد کی درخواست پر فوراً مقدمہ نمبر 1032/24 درج کیا گیا۔

واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈی پی او ٹوبہ نے ڈی ایس پی گوجرہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ و دیگر پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے 7 ستمبر 2024 کو بچے کی لاش فصل جوار کے کھیت سے برآمد کی، جس پر مقدمہ میں دفعہ 302 ت پ درج کیا گیا۔

تفتیش کے دوران پولیس کو شواہد ملے کہ اسی گاؤں کے جاوید ولد اسلم قوم ملک کو بچے کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ جاوید کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی، جس میں اس نے 9 سالہ بچے کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے بچے کے ساتھ بدفعلی کی اور بعد میں بچے کو راز افشاء ہونے کے خوف سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ ملزم نے بچے کے گھر والوں کے ساتھ مل کر بچے کو تلاش کرنے کی بھی کوشش کی۔

بچے کی گمشدگی اور لاش ملنے سے علاقے میں خوف کی لہر دوڑ گئی تھی، لیکن ملزم کی گرفتاری سے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ اہلِ علاقہ اور شہریوں نے پولیس کی اس کامیابی کو سراہا ہے۔

Comments are closed.