گوجرہ: کمشنر فیصل آباد مریم خان کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایات
گوجرہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) کمشنر فیصل آباد مریم خان نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور تمام محکموں کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔
اس دوران کمشنر مریم خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جن میں ستھرا پنجاب، صحت، تعلیم، ریونیو، اور عوامی سہولتوں کے منصوبے شامل تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایات دیتے ہوئے شفافیت اور مانیٹرنگ کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو اہداف کی تکمیل کے لیے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر مریم خان نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلاحی منصوبوں کی آگاہی کے بارے میں قائم ڈیسک کا بھی جائزہ لیا۔